لندن / نیویارک (ویب ڈیسک): برطانوی فوج کے اعلیٰ عہدیدار میجر جنرل کارل ہیرس (Major General Karl Harris CBE) نے پہلی اور دوسری جنگِ عظیم میں برطانیہ کے دفاع کے لیے اُس وقت کے برطانوی ہند اور آج کے پاکستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اور مسلمان سپاہیوں کے تاریخی کردار اور قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
میجر جنرل کارل ہیرس نے یہ ریمارکس یومِ صلح (Armistice Day) کے موقع پر معروف برطانوی پاکستانی کاروباری شخصیت ڈاکٹر طارق شیخ (Dr Tariq Sheikh)—جنہیں برطانیہ اور یورپ کا سب سے بڑا حلال گوشت سپلائر جانا جاتا ہے—کے ساتھ تاریخی ’آرمڈ فورسز کوویننٹ‘ (Armed Forces Covenant) پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیے۔
وزارتِ دفاع (Ministry of Defence) کی نمائندگی کرتے ہوئے جنرل ہیرس اور اپنی کمپنی کی جانب سے ڈاکٹر طارق شیخ نے اس معاہدے پر دستخط کیے، جو برطانوی مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں، سابق فوجیوں (Veterans) اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ملازمت کے مواقع، سول کیریئر میں منتقلی کی معاونت اور مساوی شہری حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل کارل ہیرس نے کہا کہ برطانیہ کی ایک ہی فوج ہے اور اس کا تعلق اتنا ہی ملک کی کمیونٹیز سے ہے جتنا کہ وردی پہننے والوں سے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم اس مشترکہ تاریخ اور ورثے کا جشن مناتے ہیں جو برطانوی فوج اور جنوبی ایشیائی نژاد افراد کے درمیان مشترک ہے۔ میرے نانا نے برما میں انڈین آرمی میں خدمات انجام دیں اور آپ کے رشتہ داروں نے بھی اسی محاذِ جنگ پر خدمات سرانجام دیں؛ میرا آج کا دورہ برطانوی فوج اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو یکجا کرنے کا پیغام ہے”۔
اس موقع پر ڈاکٹر طارق شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ “میری پیدائش پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں ہوئی اور میری اہلیہ کا تعلق قریبی شہر جہلم سے ہے؛ جو برطانوی فوج کو جانتا ہے وہ ان شہروں کے ناموں سے بخوبی واقف ہے کیونکہ ایک صدی تک جہلم نے اپنے بیٹوں کو برٹش انڈین آرمی میں بھیجا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1947ء میں پاک فوج اسی فوج سے وجود میں آئی جس کی رجمنٹیں، نظم و ضبط اور فخر برطانوی فوج کا ورثہ ہیں۔
انہوں نے برطانوی پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ برطانوی مسلح افواج اور کیڈٹس میں شمولیت اختیار کر کے اس روایت کو آگے بڑھائیں، اور اعلان کیا کہ یہ کوویننٹ ملک بھر میں ان کی دکانوں میں آویزاں کیا جائے گا۔





