لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

سابق امریکی صدربارک اوبامانےمعروف یوٹیوبر ’آئی شواسپیڈ‘(IShowSpeed) کو زوم میٹنگ میں اچانک شرکت کر کےحیران کردیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک / واشنگٹن (ویب ڈیسک):سابق امریکی صدر بارک اوباما (Barack Obama) نے دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر اور لائیو اسٹریمر آئی شو اسپیڈ (IShowSpeed) کو ایک آن لائن زوم میٹنگ (Zoom Meeting) میں اچانک شرکت کر کے حیرت زدہ کر دیا۔ اسکرین پر اچانک سابق امریکی صدر کو دیکھتے ہی یوٹیوبر اپنی خوشی اور حیرت پر قابو نہ رکھ سکے اور زور سے چیخ اٹھے۔

یہ دلچسپ واقعہ گھانا کی تاریخ پر تیار کی گئی دستاویزی فلم ’دی آئیز آف گھانا‘ (The Eyes of Ghana) کی ریلیز سے قبل فلم کی ٹیم کے ساتھ ہونے والی ایک آن لائن میٹنگ کے دوران پیش آیا۔ گفتگو کے دوران آئی شو اسپیڈ نے خواہش ظاہر کی کہ اس دستاویزی فلم کو ان کے یوٹیوب چینل پر مفت نشر کیا جائے تاکہ دنیا بھر میں موجود کروڑوں ناظرین اسے باآسانی دیکھ سکیں۔

اس تجویز پر فلم کی ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی منظوری درکار ہے۔ عین اسی لمحے بارک اوباما اچانک میٹنگ میں شریک ہو گئے، جنہیں سامنے دیکھ کر آئی شو اسپیڈ نے بے یقینی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ امریکہ کے سابق صدر ان کے سامنے موجود ہیں۔

یوٹیوبر نے بارک اوباما کے سامنے بھی اپنی یہی تجویز دہرائی، جسے سابق امریکی صدر نے ایک بہترین خیال قرار دیتے ہوئے فوری منظوری دے دی۔ بارک اوباما نے دستاویزی فلم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی، خودمختاری اور عوام کی جدوجہد کی ایک انتہائی اہم کہانی ہے، جس کے موضوعات دنیا کے مختلف معاشروں کی تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں۔

ملاقات کے دوران ایک اور خوشگوار اور دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب آئی شو اسپیڈ نے بارک اوباما سے انڈونیشین زبان میں گفتگو شروع کر دی۔ سابق امریکی صدر نے بھی مسکراتے ہوئے اسی زبان میں جواب دیا اور یوٹیوبر کے تلفظ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا لہجہ بہت اچھا ہے۔

واضح رہے کہ بارک اوباما نے اپنے بچپن کے چند سال انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں گزارے تھے، جہاں وہ چھ سے دس سال کی عمر تک مقیم رہے، اسی وجہ سے انہیں انڈونیشین زبان پر اچھی خاصی دسترس حاصل ہے۔