لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

اینتھروپک نےآئی پی اومیں اسپیس ایکس کا ریکارڈتوڑدیا،سرمایہ کاروں کی غیرمعمولی دلچسپی

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک / سان فرانسسکو (ویب ڈیسک): مقبول مصنوعی ذہانت (AI) چیٹ بوٹ ’کلاڈ‘ (Claude) بنانے والی معروف امریکی کمپنی اینتھروپک (Anthropic) نے عالمی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ابتدائی عوامی پیشکش یا آئی پی او (IPO) لاتے ہوئے ریکارڈ 81.3 ارب ڈالر اکٹھے کر لیے ہیں۔

یہ تاریخی سنگِ میل ایک ایسے وقت میں عبور کیا گیا ہے جب مصنوعی ذہانت سے انسانیت کو لاحق ممکنہ خطرات، زیادہ بجلی خرچ کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کے خلاف مظاہروں اور اے آئی سرمایہ کاری کے بلبلے (Bubble) سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز اینتھروپک نے اپنے فی شیئر کی قیمت 83 ڈالر مقرر کی، جس کے بعد کمپنی کی مجموعی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1.5 ٹریلین ڈالر ہو گئی ہے اور وہ ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا (Tesla) کے عین پیچھے دنیا کی 12 ویں بڑی کمپنی بن گئی ہے۔

کمپنی کے حصص جمعرات کے روز نیویارک کی اسٹاک ایکسچینج نیسڈیک (Nasdaq) میں ’ANT‘ کے ٹکر (Ticker) کے تحت باضابطہ ٹریڈنگ کا آغاز کر رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے طلب توقعات سے کہیں زیادہ رہی اور دستیاب حصص کے مقابلے میں چھ گنا زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جس کے باعث کمپنی نے متوقع 70 سے 78 ڈالر کی حد سے اوپر جا کر 82 کروڑ 50 لاکھ کے بجائے 98 کروڑ حصص فروخت کیے۔

اینتھروپک کی بنیاد 2021ء میں اوپن اے آئی (OpenAI) کے سات سابق ملازمین نے رکھی تھی، جن میں بہن بھائی ڈاریو اموڈی (Dario Amodei) اور ڈینیلا اموڈی (Daniela Amodei) شامل ہیں۔

پانچ سال قبل کمپنی نے ابتدائی سرمایہ کاروں سے محض 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اکٹھے کیے تھے، جبکہ مئی 2026ء میں نجی سرمایہ کاروں سے 965 ارب ڈالر کی مالیت پر 65 ارب ڈالر حاصل کیے گئے—اور اب آئی پی او کی قیمت نے کمپنی کی قدر میں مزید 55 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ کمپنی نے جون میں خفیہ طور پر آئی پی او کی درخواست دائر کی تھی اور 26 اکتوبر کو رجسٹریشن دستاویزات عام کیں۔

مالیاتی دستاویزات کے مطابق 2026ء کے ابتدائی نو ماہ میں اینتھروپک کی آمدنی 33.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی (جس میں تیسری سہ ماہی کے 17 ارب ڈالر شامل ہیں)۔ تاہم، کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر پر بھاری اخراجات اور غیر نقدی اکاؤنٹنگ ایڈجسٹمنٹس کے باعث کمپنی کو ابتدائی نو ماہ میں 104 ارب ڈالر کا خالص نقصان (Net Loss) بھی رپورٹ کرنا پڑا، جبکہ کمپنی نے تقریباً 901 ارب ڈالر کے کمپیوٹنگ اور انفراسٹرکچر معاہدوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔

اس تاریخی آئی پی او کے ساتھ اینتھروپک نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جس نے جون 2026ء میں 135 ڈالر فی شیئر کے حساب سے ابتدائی طور پر 75 ارب ڈالر اکٹھے کیے تھے (جو بعد ازاں اضافی حصص کی فروخت سے 85.7 ارب ڈالر تک پہنچے تھے)۔

عالمی فہرست میں جنوبی کوریا کی چپ ساز کمپنی ایس کے ہائنکس (SK Hynix) جولائی میں 26.5 ارب ڈالر کے نیسڈیک آئی پی او کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ 2019ء میں 25.6 ارب ڈالر اکٹھے کرنے والی سعودی آرامکو (Saudi Aramco) اب چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔ دنیا کے ٹاپ 10 بڑے آئی پی اوز کی بقیہ فہرست میں علی بابا (2014)، سافٹ بینک (2018)، این ٹی ٹی موبائل (1998)، ویزا (2008)، اے آئی اے (2010) اور اینیل (1999) شامل ہیں۔