لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیویارک میں ایمازون کی وارننگ،نئےبل کی منظوری پرہرآرڈر5ڈالر تک مہنگاہونےکاخدشہ

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): عالمی ای کامرس کمپنی ایمازون (Amazon) نے نیویارک سٹی کے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ اگر مقامی حکومت نے ’لاسٹ مائل‘ (Last-Mile) ڈلیوری ڈرائیورز کے روزگار کے طریقوں کو ریگولیٹ کرنے والا متنازع بل منظور کر لیا، تو نیویارک کے صارفین کو فی آرڈر 5 ڈالر تک اضافی رقم ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔

دی پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، ایمازون نے اس مجوزہ قانون سازی کے خلاف اپنی مہم تیز کرتے ہوئے براہِ راست نیویارک کے صارفین سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات سے ایمازون کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر صارفین کو خصوصی انتباہی پیغامات نظر آئیں گے جن میں بل کی منظوری کی صورت میں اخراجات بڑھنے اور سروس سست ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

کمپنی نے صارفین کو ایک فارم اور لنک بھی فراہم کیا ہے تاکہ وہ اپنے علاقے کے سٹی کونسل ممبران کو براہِ راست پیغامات بھیج کر “سست اور مہنگی سروس” کی مخالفت کر سکیں۔

کوئنز سے تعلق رکھنے والی کونسل ویمن ٹفنی کیبان (Tiffany Cabán) کی جانب سے پیش کردہ اس بل کا مقصد ایمازون اور فیڈیکس (FedEx) جیسی کمپنیوں کا سب کنٹریکٹرز (تیسرے فریق کے ٹھیکیداروں) پر انحصار ختم کرنا ہے۔

قانون کے تحت ایمازون کو شہر میں واقع اپنی 15 لاسٹ مائل تنصیبات کے لیے لائسنس حاصل کرنا ہوں گے اور ڈلیوری ورکرز کو مستقل (Full-time) ملازم بھرتی کرنا ہوگا۔ ایمازون کے مطابق اس بل سے تقریباً 40 تھرڈ پارٹی کنٹریکٹرز کے پاس کام کرنے والے 5,000 سے زائد ڈلیوری ورکرز متاثر ہوں گے۔

کمپنی کی ترجمان کیلی نینٹل (Kelly Nantel) نے کہا کہ ہم صارفین کو شفافیت کے ساتھ بتانا چاہتے ہیں کہ اس بل کی صورت میں انہیں کیا قیمت چکانی پڑے گی۔

میئر ظہران ممدانی (Mayor Zohran Mamdani) اور سٹی کونسل کی بڑی اکثریت اس بل کی حمایت کر رہی ہے، جن کا مؤقف ہے کہ اس سے ڈرائیورز کی اجرت اور تحفظ میں بہتری آئے گی اور حادثات کی ذمہ داری کمپنیوں پر عائد ہوگی۔

دوسری جانب مخالفین اور ’نیویارک ڈلیورز‘ (New York Delivers) نامی گروپ نے قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے، جبکہ ایمازون نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ بل قانون بن گیا تو وہ اپنے ڈسٹری بیوشن سینٹرز شہر سے باہر منتقل کر دے گی جس کے نتیجے میں گوداموں میں کام کرنے والے تقریباً 2,000 ملازمین کو فارغ کرنا پڑے گا۔

سٹی کونسل اسپیکر جولی مینن (Julie Menin) اس وقت ایمازون، ٹیمسٹرز یونین (Teamsters) اور شہر کے قانونی مشیروں کے ساتھ فعال مذاکرات کر رہی ہیں، جبکہ ملازمتوں کے نقصان کے خدشے کے پیشِ نظر کوئنز کے کونسل مین فل وونگ (Phil Wong) سمیت بعض شریک محرکین (Co-sponsors) نے بل سے اپنی حمایت واپس لے لی ہے۔