اسلام آباد(ویب ڈیسک): پاکستان میں امریکی مشن (سفارت خانہ اسلام آباد اور لاہور و کراچی کے قونصل خانوں) نے ملک کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیشِ نظر تمام ویزا اپائنٹمنٹس اور دیگر قونصلر خدمات 6 مارچ تک معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی سفارتی حکام کے مطابق، یہ فیصلہ حالیہ علاقائی کشیدگی اور احتجاجی مظاہروں کے باعث بطور احتیاطی تدبیر کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران پہلے سے طے شدہ تمام ویزا انٹرویوز اور دیگر متعلقہ ملاقاتیں منسوخ رہیں گی۔
سفارت خانے نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نئی تاریخوں اور تازہ ترین معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ اور اپنے ای میل ان باکس پر نظر رکھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آتے ہی خدمات کی بحالی کے بارے میں مطلع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران پر حالیہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے پاکستان میں موجود دیگر سفارتی مشنز نے بھی اپنی معمول کی سرگرمیوں میں تبدیلیاں کی ہیں۔
