ٹورنٹو(ویب ڈیسک): ٹورنٹو کی میئر اولیویا چاؤ نے شہر کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ مل کر ناتھن فلپس اسکوائر میں روایتی ‘رمضان سائن’ کو روشن کر کے مقدس مہینے کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہر میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے خلاف سخت موقف اپنانے اور اتحاد کو فروغ دینے کا اعادہ کیا۔
میئر اولیویا چاؤ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ شام وہ کمیونٹی ممبران کے ساتھ اس پروقار تقریب کا حصہ بنیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:”رمضان المبارک روحانی بالیدگی، صدقہ و خیرات، بخشش اور سب سے بڑھ کر اتحاد کا وقت ہے۔”
میئر نے ٹورنٹو کے مسلمانوں کو یقین دلایا کہ ان کی انتظامیہ ہر قسم کے مذہبی تعصب اور اسلامو فوبیا کے خلاف مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنٹو کی اصل طاقت اس وقت سامنے آتی ہے جب یہاں رہنے والا ہر شخص خود کو محفوظ اور قابلِ قدر محسوس کرے۔
اپنے پیغام کے آخر میں میئر نے پوری مسلم کمیونٹی کو ‘رمضان مبارک’ کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
