لاس ویگاس (نیوز ڈیسک): پاکستان امریکن سوک کونسل (PACC) کی دعوت پر، ریاست نیواڈا (ویسٹ کوسٹ) کی پہلی پاکستانی نژاد مسلم خاتون اسمبلی ممبر ہنادی ندیم(Hannadi Nadeem) نے لاس ویگاس میں منعقدہ عالمی نمائش ‘میجک شو’ (Magic Show) میں پاکستان پویلین کا خصوصی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ہنادی ندیم (Hannadi Nadeem)نے پاکستانی اسٹالز پر موجود مصنوعات کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں کے انتظامات کو بے حد سراہا۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کی اعلیٰ کوالٹی اور ہنر مندوں کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان میں بنی اشیاء عالمی معیار کے عین مطابق اور انتہائی شاندار ہیں۔”
اسمبلی ممبر ہنادی ندیم(Hannadi Nadeem) جن کا تعلق لاس ویگاس کے ڈسٹرکٹ 34 سے ہے، اپنی حب الوطنی اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات کے حوالے سے ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستانی برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امریکہ میں پاکستانی تجارت اور ثقافت کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔
پاکستانی کمیونٹی اور PACC کے اراکین نے ہنادی ندیم (Hannadi Nadeem)کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کامیابیوں کو تمام پاکستانی نژاد امریکیوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
