ریاض: سعودی عرب کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال کلب النصر کی برازیلین خاتون کھلاڑی کیتھلین سوزا (Kathellen Sousa) نے باقاعدہ طور پر دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، منگل کے روز النصر کلب کی انتظامیہ نے اپنے آفیشل پلیٹ فارمز کے ذریعے اس خوشخبری کی تصدیق کی، جس کے بعد کلب میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
والہانہ استقبال: کیتھلین سوزا کے اسلام قبول کرنے کے فیصلے کا ان کے ساتھی کھلاڑیوں اور کلب انتظامیہ نے بھرپور خیرمقدم کیا۔ اس یادگار موقع پر کلب میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جہاں ان کی زندگی کے اس نئے اور مقدس سفر کا جشن منایا گیا۔
اسلام قبول کرنے کے فوری بعد برازیلین فٹبالر نے مکہ مکرمہ کا سفر کیا اور مسجد الحرام میں عمرہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ سوشل میڈیا پر ان کی اس روحانی سفر کی تصاویر کو دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
کیتھلین سوزا کا شمار برازیل کی بہترین دفاعی کھلاڑیوں (Defenders) میں ہوتا ہے، اور اب سعودی عرب میں ان کی موجودگی نہ صرف کھیل بلکہ ان کے ذاتی عقیدے کے حوالے سے بھی سرخیوں میں ہے۔
