جدہ(ویب ڈیسک): سعودی عرب کی نامور درسگاہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAUST) نے اپنے بین الاقوامی ‘وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام’ (VSRP) 2026 کے لیے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ یہ پروگرام ان باصلاحیت طلبہ کے لیے ہے جو عالمی معیار کی لیبارٹریز میں تحقیق کا شوق رکھتے ہیں۔
یہ ایک مکمل فنڈڈ پروگرام ہے جس کے تحت منتخب امیدواروں کو درج ذیل سہولیات فراہم کی جائیں گی:
1,000 امریکی ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)۔
آمد و رفت کے لیے ہوائی جہاز کا ٹکٹ۔
مفت رہائش، ہیلتھ انشورنس، ویزا فیس کی فراہمی اور جدید تحقیقی سہولیات تک رسائی۔
یہ انٹرنشپ کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، انرجی، ماحولیاتی سائنس اور حیاتیاتی علوم کے انڈرگریجویٹ (تیسرے سال یا اس سے اوپر) اور ماسٹرز کے طلبہ کے لیے ہے۔ درخواست گزار کے لیے درج ذیل شرائط لازمی ہیں:
کم از کم 3.5 جی پی اے (GPA)۔
انگریزی زبان میں مہارت۔
3 سے 6 ماہ تک انٹرنشپ کرنے کی دستیابی۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے درخواستیں سال بھر جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں کو چند ہفتوں کے اندر آگاہ کر دیا جاتا ہے، جہاں انہیں عالمی شہرت یافتہ اساتذہ کی زیرِ نگرانی عملی تحقیق کا موقع ملتا ہے۔
یہ پروگرام پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی تحقیقی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور اپنے کیریئر کو جدید خطوط پر استوار کریں۔
