نیویارک: پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت زونیرا احمد کو نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن کا سینئر ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسپیکر آفس کی جانب سے ان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
زونیرا احمد دو سال کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ امریکہ منتقل ہوئیں اور بعد ازاں انہوں نے بیچلر ڈگری حاصل کی۔ انہیں اس سے قبل بھی متعدد اہم منتخب عوامی نمائندوں اور سیاسی شخصیات کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
زونیرا احمد پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت احمد شریف کی صاحبزادی اور ممتاز کاروباری شخصیت، EMPAC کنسٹرکشن کمپنی اور Guacado فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کے مالک، نیز One Nation US کے بورڈ ممبر ذیشان احمد کی ہمشیرہ ہیں۔
وہ کانگریس مین میکس روز، اسٹیٹ سینیٹر ایون چو اور کونسل ممبران جسٹن برینن اور ایری کیگن کے ساتھ خدمات انجام دے چکی ہیں، جبکہ مختلف انتخابی مہمات میں بطور کیمپین مینیجر بھی اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔
زونیرا احمد کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر کے دفتر میں اعلیٰ عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی پاکستانی امریکن ہیں۔ ان کی تقرری پر پاکستانی امریکن کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کمیونٹی کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی امریکن فائزہ علی نیویارک سٹی کونسل اسپیکر آفس میں ڈپٹی چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور وہ اس عہدے پر کام کرنے والی پہلی پاکستانی امریکن تھیں۔
