برونکس(ویب ڈیسک): ہفتے کی علی الصبح برونکس کے ایک اپارٹمنٹ میں گیس دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی شدید آگ نے تباہی مچا دی، جس میں ایک شخص جاں بحق، درجن سے زائد زخمی اور 100 سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ برونکس کی بائونا اسٹریٹ (Bivona St) کی عمارت نمبر 3475 میں آدھی رات کے فوراً بعد پیش آیا۔
فائر فائٹرز گیس کی بو کی اطلاع ملنے پر عمارت پہنچے ہی تھے کہ 15 منٹ بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا جس سے عمارت لرز اٹھی۔ اس دھماکے کے نتیجے میں 15ویں اور 16ویں منزل پر واقع 10 اپارٹمنٹس میں آگ لگ گئی۔
دھماکے کے وقت کئی فائر فائٹرز لفٹ میں پھنس گئے تھے، جبکہ 230 سے زائد ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر کارروائی میں مصروف رہیں۔
طبی عملے (EMS) نے ایک شدید بیمار شخص کا علاج کیا (جو بعد ازاں دم توڑ گیا)، جبکہ 5 افراد شدید زخمی اور 8 معمولی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔
ریڈ کراس نے متاثرہ رہائشیوں کے لیے روزا پارکس ایجوکیشنل کیمپس میں امدادی مرکز قائم کیا ہے۔ اب تک 57 بچوں سمیت 175 افراد نے امداد کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔
موقع پر موجود نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“اس طرح کے دکھ سے گزرنے والے کسی شخص سے کہنے کے لیے کوئی لفظ کافی نہیں ہوتا، لیکن ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ شہر اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔”
حکام کے مطابق گیس دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
