واشنگٹن(ویب ڈیسک): امریکی محکمہ خارجہ نے 21 جنوری 2026 سے ایک نئی اور سخت پالیسی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت پاکستان سمیت دنیا کے 75 ممالک کے شہریوں کے لیے تمام اقسام کے امیگرنٹ ویزوں (گرین کارڈ) پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔
امریکی حکومت کا موقف ہے کہ وہ صرف ان تارکینِ وطن کو خوش آمدید کہنا چاہتی ہے جو مالی طور پر مضبوط ہوں اور امریکی معیشت یا سرکاری وسائل پر بوجھ نہ بنیں۔
اس فیصلے سے پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، اور نائجیریا سمیت 75 ممالک متاثر ہوئے ہیں۔ ان ممالک میں ویزہ انٹرویو تو ہو سکتے ہیں، لیکن فی الحال پاسپورٹ پر ویزہ اسٹیمپ نہیں کیا جائے گا۔
کون سے ویزے محفوظ ہیں؟ خوش قسمتی سے یہ پابندی غیر ملکی زائرین (Tourist)، طلباء (Student Visa) اور عارضی کام کرنے والوں (H-1B) پر نہیں لگائی گئی۔ تاہم، ان ویزوں کے لیے اسکریننگ کا عمل پہلے سے زیادہ سخت کر دیا گیا ہے۔
جن افراد کو 21 جنوری 2026 سے پہلے ویزہ مل چکا ہے، ان کے ویزے کارآمد رہیں گے اور وہ امریکہ سفر کر سکیں گے۔
وہ افراد جو پہلے ہی امریکہ میں موجود ہیں اور اپنے ویزے کی حیثیت تبدیل (Status Change) کروانا چاہتے ہیں، وہ اس نئی پابندی سے متاثر نہیں ہوں گے۔
