دبئی/ریاض: سعودی ایتھلیٹ اشواق السائیری نے بوسٹن، لندن، برلن، نیویارک، ٹوکیو، سڈنی اور شکاگو کی میراتھن مکمل کر کے ‘سیون اسٹار میڈل’ اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ کارنامہ انجام دینے والی وہ اپنے خطے کی پہلی خاتون ہیں۔
شروعات میں اشواق کے خاندان کے لیے ان کا یہ شوق سمجھنا مشکل تھا۔ اشواق بتاتی ہیں:”میرے گھر والے حیران ہوتے تھے کہ کوئی شخص کسی کے پیچھا کیے بغیر بھاگنے کا انتخاب کیوں کرے گا؟”
لیکن وقت کے ساتھ ان کا خاندان نہ صرف اس کھیل کو سمجھنے لگا بلکہ اشواق کی سب سے بڑی طاقت بن گیا۔ آج وہ اپنی کامیابی کا سہرا اپنے خاندان کی حمایت اور اپنے سعودی کوچ کی سخت تربیت کے سر باندھتی ہیں۔
اکتوبر میں شکاگو میراتھن کی فنش لائن عبور کرنا ان کا آخری اور ساتواں بڑا ہدف تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک تمغہ نہیں تھا بلکہ ایک پیغام تھا کہ عرب خواتین بھی دنیا کے ہر میدان میں صفِ اول میں کھڑی ہو سکتی ہیں۔
اشواق السائیری ان سعودی خواتین ایتھلیٹس کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں جو عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو سعودی عرب میں آنے والی تبدیلیوں کا حصہ قرار دیا
ان کی شاندار کامیابیوں کے بعد عالمی برانڈ ‘نیو بیلنس’ (New Balance) نے ان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اشواق کا کہنا ہے کہ یہ صرف کھیلوں کے سنگ میل نہیں بلکہ جذباتی نشانات ہیں جو بتاتے ہیں کہ ہم نے کتنے کم وقت میں کتنا طویل سفر طے کیا ہے۔
ان کا اگلا ہدف اولمپکس میں شرکت کا خواب ہے، لیکن اس سے بھی بڑھ کر وہ خطے کی دیگر خواتین کے لیے ایک مینٹور (Mentor) بن کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہیں۔
