دمبولا (ڈیسک ڈیسک): پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اگرچہ قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن کپتان سلمان علی آغا نے اپنی طوفانی بیٹنگ سے کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر کے سب کو حیران کر دیا۔
سلمان علی آغا نے دمبولا کے میدان میں محض 12 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس برق رفتار اننگز میں 5 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
ان کی اننگز کا اسٹرائیک ریٹ 375.0 رہا، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (فل ممبر ممالک کے درمیان) میں کسی بھی کپتان کی جانب سے کھیلی گئی تیز ترین اننگز ہے (کم از کم 10 گیندیں کھیلنے کی شرط پر)۔
اس ریکارڈ ساز اننگز کے ذریعے سلمان علی آغا نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کیرون پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2021 میں سری لنکا ہی کے خلاف 345.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے تھے۔ اس فہرست میں اب پاکستانی کپتان نے روہت شرما، کوئنٹن ڈی کوک اور ڈیرن سیمی جیسے بڑے ناموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اگرچہ پاکستان یہ میچ نہ جیت سکا، لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ کپتان کی جانب سے اس طرح کی نڈر بیٹنگ ٹیم کے مورال کے لیے ایک انتہائی مثبت اشارہ ہے۔ شائقینِ کرکٹ سوشل میڈیا پر سلمان علی آغا کی اس ہمت اور جارحانہ انداز کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔
