میامی(25اکتوبر 2025:
ارجنٹائن کے سپر اسٹار لیونل میسی نے دو شاندار گول اسکور کرتے ہوئے انٹر میامی کو نیشوِل ایس سی کے خلاف 1-3 سے فتح دلا دی۔
میامی نے تین میچوں کی سیریز میں پہلا میچ اپنے نام کر لیا اور اب وہ یکم نومبر کو نیشوِل میں دوسرا میچ کھیلنے جائے گی، جہاں فتح کی صورت میں وہ ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا سکتی ہے۔
میسی نے میچ کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور 19ویں منٹ میں لوئس سواریز کے خوبصورت کراس پر ہیڈر کے ذریعے پہلا گول کیا۔ بعدازاں 62ویں منٹ میں تادیو آلینڈے نے دوسرا گول کر کے برتری دگنی کر دی۔
نیشوِل نے کئی مواقع ضائع کیے، جس کے بعد انجری ٹائم میں میسی نے ایک بار پھر جادو دکھایا — جورڈی آلبا کے پاس پر انہوں نے ایک تیز موو کے بعد بائیں پاؤں سے شاندار شاٹ لگا کر گیند کو نیچے بائیں کونے میں پہنچا دیا۔
میچ کے اختتام سے نو منٹ قبل نیشوِل کے ہانی مختار نے ایک گول کر کے خسارہ کچھ کم کیا، مگر جیت میامی کے حصے میں ہی آئی۔ میچ کے بعد کوچ خاویر ماشیرانو نے پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا، “اس مرحلے پر ہر کھلاڑی کی اہمیت ہے۔ ہمیں کامیابی کے لیے سب کو تیار رہنا ہوگا۔”
میچ سے قبل ایم ایل ایس کمشنر ڈان گاربر نے میسی کو 2025 سیزن کا گولڈن بوٹ ایوارڈ پیش کیا، جو انہوں نے 28 میچوں میں 29 گول کر کے جیتا۔ گاربر نے کہا، “میسی نے نہ صرف اس کلب بلکہ اس شہر اور لیگ کے لیے جو کچھ کیا ہے، وہ توقعات سے کہیں بڑھ کر ہے۔”
