واشنگٹن: امریکا کی تقریباً 20 ریاستیں سال 2026 کے آغاز سے کم از کم اجرت میں اضافہ کرنے جا رہی ہیں، جس سے ایریزونا سے نیو جرسی تک لاکھوں محنت کشوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔
یکم جنوری سے ریپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتوں کے زیرِ انتظام ریاستیں کم از کم اجرت میں اضافہ کریں گی۔ یہ اضافہ یا تو مہنگائی کے حساب سے کیا جا رہا ہے یا پہلے سے طے شدہ سالانہ شیڈول کا حصہ ہے۔
بائیں بازو کے تھنک ٹینک اکنامک پالیسی انسٹی ٹیوٹ (EPI) کے مطابق، ان اضافوں سے تقریباً 83 لاکھ کارکن مستفید ہوں گے اور 2026 کے دوران مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر کی اضافی آمدن حاصل کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق، 2026 سے پہلی بار ان ریاستوں میں رہنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہو جائے گی جہاں کم از کم اجرت 15 ڈالر فی گھنٹہ ہے، جبکہ وفاقی کم از کم اجرت 7.25 ڈالر فی گھنٹہ پر قائم ریاستوں میں رہنے والوں کی تعداد کم ہو جائے گی۔
اجرتوں میں اضافے کے بعد ریاست واشنگٹن سب سے زیادہ کم از کم اجرت دینے والی ریاست بن جائے گی، جہاں مزدوروں کو 17.13 ڈالر فی گھنٹہ ملیں گے۔
ریاست نیو یارک دوسری بلند ترین اجرت والی ریاست ہوگی، جہاں نیو یارک سٹی، لانگ آئی لینڈ اور ویسٹ چیسٹر میں کم از کم اجرت 17 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں یہ اجرت 16 ڈالر فی گھنٹہ ہوگی۔
جمعرات سے جن 19 ریاستوں میں کم از کم اجرت بڑھائی جا رہی ہے، ان میں ایریزونا، کیلیفورنیا، کولوراڈو، کنیکٹیکٹ، ہوائی، مَین، مشی گن، منیسوٹا، میزوری، مونٹانا، نیبراسکا، نیو جرسی، نیو یارک، اوہائیو، روڈ آئی لینڈ، ساؤتھ ڈکوٹا، ورمونٹ، ورجینیا اور واشنگٹن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ امریکا کے تقریباً 50 شہروں اور مقامی علاقوں میں بھی کم از کم اجرت میں اضافہ نافذ ہوگا۔ کیلیفورنیا کے 29 علاقوں میں اجرتیں بڑھیں گی، جن میں ویسٹ ہالی وُڈ شامل ہے جہاں کم از کم اجرت 20.25 ڈالر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔ واشنگٹن کی 8 مقامی حکومتوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے، جن میں ٹکوئلا (Tukwila) شامل ہے جہاں ملک کی بلند ترین اجرت 21.65 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
تاہم، امریکا کی جنوبی خطے کی 20 ریاستوں میں یہ اضافہ لاگو نہیں ہوگا، کیونکہ وہاں یا تو کم از کم اجرت مقرر ہی نہیں یا وہ وفاقی اجرت سے زیادہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں وفاقی کم از کم اجرت میں آخری بار اضافہ 2009 میں کیا گیا تھا، اور اس کے بعد مہنگائی کے باعث اس کی حقیقی قدر میں 30 فیصد سے زائد کمی آ چکی ہے۔
