اسٹاربکس نے نیویارک سٹی کے ملازمین کو 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی

اسٹاربکس ملازمین کی یونین ملک بھر میں، بشمول نیویارک سٹی، مسلسل تیسرے ہفتے ہڑتال کر رہی ہے۔

Editor News

نیویارک: نیویارک حکام کے مطابق اسٹاربکس نے سالوں تک فیئر ورک ویک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان خلاف ورزیوں میں ملازمین کے اوقات کار میں کٹوتی اور غیر متوقع شیڈول شامل تھے۔

نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، کمپنی 4 جولائی 2021 سے 7 جولائی 2024 تک کام کرنے والے 15,000 گھنٹہ وار ملازمین کو ہر ہفتے کے حساب سے 50 ڈالر ادا کرے گی۔ ملازمین کو یہ چیکس اس موسمِ سرما میں بذریعہ ڈاک موصول ہوں گے۔

ڈی سی ڈبلیو پی (Department of Consumer and Worker Protection) کی کمشنر ویلڈا ویرا مایوگا نے کہا:”شہر کا فیئر ورک ویک قانون ملازمین کو یہ ضروری حق دیتا ہے کہ انہیں پیشگی اور قابلِ اعتماد شیڈول دیا جائے تاکہ وہ اپنی زندگی بہتر انداز میں گزار سکیں، لیکن اسٹاربکس نے ان حقوق کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف اپنے منافع کو ترجیح دی۔ تمام کارکنان عزت کے مستحق ہیں، اور ہم اپنے پڑوسیوں کے لیے کھڑے ہونے پر فخر کرتے ہیں جب کوئی اربوں ڈالر کی کمپنی اپنے ملازمین کے حقوق پامال کرے۔”

ڈی سی ڈبلیو پی نے 2022 میں اس وقت تحقیق شروع کی جب شہر بھر کے سیکڑوں ملازمین نے ورکنگ کنڈیشنز پر شکایات درج کرائیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ کمپنی نے 5 لاکھ سے زائد خلاف ورزیاں کیں، جن میں مستحکم شیڈول نہ دینا اور ملازمین کو اضافی گھنٹے لینے کے مواقع نہ دینا شامل تھا۔

فیئر ورک ویک قانون کے تحت، فاسٹ فوڈ کمپنیوں کے لیے لازم ہے کہ:
ملازمین کو ان کا شیڈول 14 دن پہلے فراہم کیا جائے
شیڈول میں تبدیلی کی صورت میں اضافی معاوضہ دیا جائے
نئے ملازم بھرتی کرنے سے پہلے موجودہ کارکنان کو اضافی گھنٹے لینے کا حق دیا جائے.

اسٹاربکس باریستا کائی فرٹز نے کہا:”باریستاز ہی اسٹاربکس کو چلائے رکھتے ہیں۔ جب کمپنی ہمارے اوقات میں کٹوتی کرتی ہے، اسٹورز کو کم اسٹاف رکھتی ہے اور یونین سازی کی کوششوں کو روکتی ہے، تو یہ ہمارے لیے کام کرنا اور صارفین کو بہترین تجربہ فراہم کرنا مشکل بنا دیتی ہے۔ یہ سیٹلمنٹ ایک درست سمت میں قدم ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ جب ہم متحد ہوتے ہیں تو تبدیلی ممکن ہے۔”

دریں اثنا، اسٹاربکس ملازمین کی یونین ملک بھر میں، بشمول نیویارک سٹی، مسلسل تیسرے ہفتے ہڑتال کر رہی ہے۔ اس ہڑتال کا مقصد کمپنی کے سالانہ ریڈ کپ ڈے کو متاثر کرنا تھا، جو عام طور پر سال کے مصروف ترین دنوں میں سے ایک ہوتا ہے۔ 2018 سے اسٹاربکس اس دن ہالیڈے ڈرنک خریدنے والے صارفین کو مفت، ری یوزایبل کپ فراہم کرتا آرہا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *