نیویارک کے مسافروں کے لیے اہم خبر: میٹرو کارڈ کی جگہ OMNY سسٹم

ایم ٹی اے کا کہنا ہے کہ میٹرو کارڈ 2026 میں بھی کچھ عرصے تک قابلِ قبول رہے گا

Editor News

تحریر: شمائلہ

نیویارک (New York): اگر آپ نیویارک کے شہری ہیں، تو تیار ہو جائیے کہ شہر کا مشہور میٹرو کارڈ (MetroCard) مکمل طور پر ختم ہونے والا ہے اور اس کی جگہ نیا “OMNY” (ون میٹرو نیویارک) نظام لے رہا ہے۔

میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی (MTA) کے مطابق مسافر 31 دسمبر کے بعد میٹرو کارڈ خرید نہیں کر سکیں گے، کیونکہ اس کے بعد میٹرو کارڈ کی فروخت مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔

اگرچہ میٹرو کارڈ کی فروخت بند ہو جائے گی، لیکن ایم ٹی اے کا کہنا ہے کہ میٹرو کارڈ 2026 میں بھی کچھ عرصے تک قابلِ قبول رہے گا، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

OMNY ایک ‘ٹیپ ٹو پے’ (Tap-to-Pay) سسٹم ہے، یعنی آپ کو بسوں اور سب ویز میں کرایہ ادا کرنے کے لیے کارڈ سوائپ کرنے کے بجائے صرف ٹیپ کرنا ہو گا۔

کرایہ ادا کرنے کے لیے باقاعدہ OMNY کارڈ کی خریداری ضروری نہیں ہے۔ مسافر اپنے کانٹیکٹ لیس کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈز یا ڈیجیٹل والٹس (جیسے کہ اسمارٹ فون یا سمارٹ واچ) کو بھی براہ راست استعمال کر سکتے ہیں۔

جو مسافر OMNY کا فزیکل کارڈ استعمال کرنا چاہتے ہیں، وہ شہر بھر میں ان کارڈز کو خرید اور ری لوڈ (Reload) کر سکتے ہیں۔

OMNY کارڈ فروخت کرنے والے اسٹورز میں CVS، والگرینز (Walgreens)، 7-ایلیون، پیومیٹک شاپس (Payomatic shops)، بودیگا (Bodegas) اور دیگر آزاد فارمیسیاں شامل ہیں۔

ایم ٹی اے کے مطابق، OMNY کارڈ کی قیمت (محدود مدت کے لیے) صرف 1 ڈالر رکھی گئی ہے، جو کہ میٹرو کارڈ کی قیمت کے برابر ہے۔

نیویارک سٹی کے 472 سب وے اسٹیشنوں میں تقریباً 1,000 OMNY وینڈنگ مشینیں نصب کی جا چکی ہیں جہاں سے کارڈ خریدا اور ری لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

جو مسافر اپنے میٹرو کارڈ کا باقی ماندہ بیلنس OMNY کارڈ میں منتقل کرنا چاہتے ہیں، وہ ایم ٹی اے کے کسٹمر سروس سینٹرز پر جا کر ایسا کر سکتے ہیں۔ ایم ٹی اے نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ میٹرو کارڈ ختم ہونے سے پہلے اس میں موجود بیلنس استعمال کر لیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *