نیویارک: بچوں کے لیے مشہور یوٹیوب چینل کی خالق اور ’مس ریچل‘ کے نام سے جانی جانے والی ریچل ایکورسو صرف ایک تعلیمی ویڈیو ساز ہی نہیں بلکہ ایک ماں، بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی رضاکار اور غزہ پر اسرائیلی جنگ کی کھل کر ناقد بھی ہیں۔ اب وہ باضابطہ طور پر نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ذوہران ممدانی کی افتتاحی تقریب کی منصوبہ بندی کرنے والی ٹیم کا بھی حصہ بن گئی ہیں۔
ذوہران ممدانی کی ٹرانزیشن ٹیم کے مطابق، ریچل ایکورسو ان 48 افراد میں شامل ہیں جنہیں یکم جنوری کو ہونے والی میئر کی حلف برداری اور افتتاحی تقریب کے انتظامات کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
تقریب نیویارک کے معروف براڈوے میں منعقد ہوگی اور یہ عوام کے لیے کھلی ہوگی۔ منصوبہ ساز کمیٹی میں معروف شخصیات بھی شامل ہیں جن میں اداکارہ سنتھیا نکسن، جان ٹرتورو اور کال پین کے نام نمایاں ہیں۔
دیگر ارکان میں مصنفین، انتخابی مہم کے کارکنان اور نیویارک کی مختلف نسلی و ثقافتی برادریوں کے نمائندے شامل ہیں، خاص طور پر جنوبی ایشیائی کمیونٹیز، جن سے ذوہران ممدانی کا ذاتی تعلق بتایا جاتا ہے۔ کمیٹی میں اسرائیل مخالف تنظیم Jewish Voice for Peace کے سربراہ کی شمولیت بھی شامل ہے۔
ریچل ایکورسو اور میئر منتخب ذوہران ممدانی کے درمیان تعاون کو غیر متوقع نہیں سمجھا جا رہا، کیونکہ دونوں کے سیاسی اور انسانی حقوق سے متعلق خیالات اکثر ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔ ریچل ایکورسو متعدد مواقع پر غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو غیر اخلاقی قرار دے چکی ہیں اور زور دیتی رہی ہیں کہ عام شہریوں، خصوصاً بچوں کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے غزہ اور سوڈان کے بچوں کے لیے امداد اور انخلا کی کوششوں میں مصروف تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے، جبکہ بعض متاثرہ بچوں سے ذاتی طور پر ملاقات کر کے انہیں امریکہ میں خوش آمدید بھی کہا۔
ریچل ایکورسو اور ذوہران ممدانی دونوں کو اسرائیل نواز حلقوں کی جانب سے شدید تنقید اور الزامات کا سامنا رہا ہے۔ ایکورسو کو بعض گروہوں نے حماس کی حامی قرار دیا اور لابی تنظیم StopAntisemitism کی جانب سے انہیں ’’اینٹی سیمائٹ آف دی ایئر‘‘ کے لیے نامزد بھی کیا گیا۔
اسی طرح، ذوہران ممدانی کو بھی اپنی انتخابی مہم کے دوران ایسے ہی الزامات کا سامنا کرنا پڑا، جب بالخصوص اسرائیلی میڈیا کے کچھ اداروں نے نیویارک کے پہلے مسلم میئر کے انتخاب پر یہودی برادری میں مبینہ تشویش کی رپورٹس شائع کیں۔
