بخارست(ویب ڈیسک): امریکی ریپر وز خلیفہ کو رومانیہ کی ایک عدالت نے غیر حاضری میں نو ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔
یہ سزا گزشتہ سال اسٹیج پر بھنگ (کینابِس) استعمال کرنے کے الزام میں سنائی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، جولائی 2024 میں وز خلیفہ، جن کا اصل نام تھامز کیمرون جبرل ہے، پر رومانیہ میں منعقد ہونے والے ساحلی میوزک فیسٹیول ’بیچ، پلیز!‘ کے دوران اسٹیج پر سگریٹ جلانے کے بعد منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد ریپر کو ابتدائی طور پر رہا کر دیا گیا تھا، تاہم بی بی سی کے مطابق منشیات رکھنے کے جرم میں ان پر 3 ہزار 600 رومانیائی لیو (تقریباً 829 ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
رومانیہ کے ادارے برائے تفتیشِ منظم جرائم و دہشت گردی (ڈی آئی آئی کوٹ) نے بیان میں کہا کہ کوسٹینیشتی کے تفریحی مقام پر ہونے والے میوزک فیسٹیول کے دوران ملزم کے پاس 18 گرام سے زائد کینابِس موجود تھی، جبکہ انہوں نے اسٹیج پر ہاتھ سے بنی ہوئی سگریٹ کی صورت میں منشیات کا استعمال بھی کیا۔
واقعے کے بعد دس بار گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے فنکار وز خلیفہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے عمل کے پیچھے کسی قسم کی بدنیتی شامل نہیں تھی۔
