بھارت کے شہر کولکتہ میں لیونل میسی کا اسٹیڈیم ٹور ہفتے کے روز اس وقت مختصر کر دیا گیا جب مشتعل شائقین نے میدان میں بوتلیں اور کرسیاں پھینکنا شروع کر دیں۔ شائقین، جنہوں نے میسی کو انٹر میامی کے ساتھی کھلاڑیوں لوئیس سواریز اور رودریگو ڈی پال کے ساتھ دیکھنے کے لیے 25 ہزار بھارتی روپے (تقریباً 206 پاؤنڈ) تک ادا کیے تھے، وی آئی پیز کے ہجوم کے باعث انہیں مناسب نظارہ نہ مل سکا۔
38 سالہ فٹبال اسٹار کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صرف دس منٹ بعد ہی سخت حفاظتی حصار میں اسٹیڈیم سے نکال لیا گیا، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔ بعض شائقین نے کینوپیز اور ہورڈنگز کو نقصان پہنچایا، جبکہ حالات پر قابو پانے کے لیے رائٹ پولیس کو طلب کرنا پڑا۔
بعد ازاں مغربی بنگال پولیس نے اس ایونٹ کے مرکزی منتظم کو گرفتار کر لیا، جبکہ ریاستی حکومت نے اعلان کیا کہ تمام ٹکٹوں کی رقم واپس کی جائے گی۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدانتظامی پر معذرت کرتے ہوئے اسے “کولکتہ کے لیے سیاہ دن” قرار دیا اور لیونل میسی اور شائقین دونوں سے افسوس کا اظہار کیا۔ اس سے قبل میسی نے اپنے گوٹ ٹور (GOAT Tour) کے تحت شہر میں اپنی 70 فٹ بلند مورت کی نقاب کشائی بھی کی تھی۔
