دبئی : بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی مقبولیت اور ان کی شخصیت کا سحر آج بھی قائم ہے، جس کا ایک حیرت انگیز ثبوت حال ہی میں دبئی میں سامنے آیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، دبئی میں 2.1 بلین درہم (پاکستانی روپے میں 1 کھرب 60 ارب 28 کروڑ سے زائد) کی لاگت سے شاہ رخ خان کے نام پر زیرِ تعمیر ایک بڑا تجارتی ٹاور (Commercial Tower) لانچ کے پہلے ہی روز مکمل طور پر فروخت ہو گیا۔ دنیا بھر میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی عمارت کو باقاعدہ طور پر شاہ رخ خان کے نام سے منسوب کیا گیا اور اس کا تجربہ شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
اس پروجیکٹ کو دانوبے پراپرٹیز (Danube Properties) نے تیار کیا ہے۔ یہ 55 منزلہ عمارت دبئی کی مصروف ترین شاہراہ شیخ زید روڈ پر قائم کی گئی ہے، جو 2029 میں مکمل ہوگی۔
اگرچہ اس عمارت کو اس کی شاندار تعمیر، پرکشش مقام (لوکیشن) اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کی وجہ سے توجہ مل رہی تھی، تاہم اس کے ساتھ شاہ رخ خان کا نام جُڑنے سے اس کی تجارتی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی۔
اتنی بڑی کامیابی پر شاہ رخ خان نے خود بھی حیرت کا اظہار کیا اور کہا: “میرے نام کا اس پروجیکٹ کے ساتھ جُڑنا اور لوگوں کا اس پر اعتماد کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ دبئی نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا۔ یہ تصورات کا شہر ہے جہاں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔”
عمارت کی خصوصیات میں کل مالیت 2.1 بلین درہم، کل رقبہ ایک کروڑ اسکوائر فٹ اپارٹمنٹس کی تعداد 488، فی فلیٹ کی ابتدائی قیمت: 20 لاکھ درہم ہے۔
