نیویارک: نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے خیبر سوسائٹی آف امریکا کی جانب سے منعقدہ پشتون کلچر ڈے میں شرکت کی۔

اس رنگا رنگ تقریب میں مقامی پارلیمنٹیرینز، اسمبلی ممبران، کمیونٹی رہنماؤں، پیشہ ور افراد، صحافیوں، پاکستانی نژاد امریکیوں اور امریکا بھر سے آئے بڑی تعداد میں پشتونوں نے شرکت کی۔

شرکاء نے موسیقی، فنون اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پشتون کمیونٹی کی بھرپور ثقافتی وراثت، روایتی اقدار اور تاریخی پس منظر کا جشن منایا۔

اپنے خطاب میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے خیبر سوسائٹی آف امریکا کی امریکا اور پاکستان دونوں میں کمیونٹی ویلفیئر کے لیے مسلسل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سوسائٹی کی سماجی ہم آہنگی کے فروغ، انسانیت کی خدمت اور دیاسپورا میں ثقافتی شناخت کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

عامر اتوزئی نے کہا کہ ہزاروں سال پر محیط پشتون ثقافت اپنی مضبوط کمیونٹی، مہمان نوازی اور لازوال استقامت کے باعث دنیا بھر میں منفرد پہچان رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے ثقافتی پروگرام اوورسیز پاکستانیوں کے مابین روابط مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف کمیونٹیز کے درمیان باہمی اعتماد اور سمجھ بوجھ کو فروغ دیتے ہیں۔
قونصلیٹ جنرل نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان کی متنوع ثقافتی شناخت کے فروغ اور دیاسپورا کی فلاح و بہبود کے لیے جاری ایسی تمام مثبت سرگرمیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
