ویب ڈیسک | 4 نومبر
نیوجرسی کے مختلف پولنگ مقامات کو بم کی دھمکیاں افواہ نکلی۔
نیوجرسی کے حکام نے انتخابات کے دن ریاست بھر میں متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بم کی دھمکیوں کی تحقیقات کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر اور سیکرٹری آف اسٹیٹ تہیشہ وے کے مطابق، نیوجرسی کے مختلف پولنگ مقامات کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، تاہم تمام تحقیقات کے بعددھمکیاں غیر مستند قرار دی گئیں۔
اٹارنی جنرل میتھیو جے پلیکن نے بتایا کہ برجن، ایسیکس، مرسر، مڈلسیکس، مون ماؤتھ، اوشن اور پاسائک کاؤنٹیز میں پولنگ مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ کچھ مقامات کو فوری طور پر دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا، جبکہ بعض ووٹرز کو متبادل پولنگ اسٹیشنز کی طرف بھیجا گیا تاکہ وہ اپنا ووٹ ڈال سکیں۔
پلیکن نے کہا، ’’ووٹروں کو پورا یقین ہونا چاہیے کہ وہ بلا خوف و خطر اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں، اور ہم آزاد، منصفانہ اور محفوظ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت جاری رکھیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہم کسی بھی ایسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے جو انتخابات میں مداخلت کرے، اور جو بھی ہمارے انتخابی عمل کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے گا، اسے فوری طور پر قانون کے مطابق جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔‘‘
نیوآرک پولیس کے مطابق گوٹ ہارڈ اسٹریٹ پر ایک پولنگ اسٹیشن کو بم کی جھوٹی دھمکی دراصل فِشنگ ای میلز کا نتیجہ تھی، اور ان ای میلز کے ماخذ کی تحقیقات جاری ہیں۔
نیوجرسی ڈویژن آف الیکشنز، دفترِ اٹارنی جنرل اور نیوجرسی سائبر سکیورٹی اینڈ کمیونیکیشنز انٹیگریشن سیل وفاقی، ریاستی اور مقامی اداروں کے ساتھ مل کر کاونٹی الیکشن حکام کی مدد کر رہے ہیں تاکہ ایسے واقعات سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔
