رپورٹ | عاطف خان
فلوریڈا: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز فلوریڈا سے وائٹ ہاؤس روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ وہ جلد ہی نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر زوہران ممدانی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کر سکتے ہیں۔
ٹرمپ اس سے قبل ممدانی کو ’’کمیونسٹ‘‘ قرار دے چکے ہیں، ان کے حریف سابق گورنر اینڈریو کومو کی حمایت کی تھی، اور حتیٰ کہ ٹروتھ سوشل پر انہیں ملک بدر کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ دوسری جانب، ممدانی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ ٹرمپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ نیویارک شہر کی کامیابی کے لیے وفاقی حکومت سے تعلقات مضبوط کرنا ضروری ہے۔
ٹرمپ نے کہا:”نیویارک کے میئر ہم سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، اور ہم کچھ نہ کچھ طے کر لیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کے لیے سب کچھ بہتر ہو۔”
دونوں رہنماؤں کے نمائندوں نے واضح کیا ہے کہ ملاقات کی کوئی تاریخ یا ایجنڈا ابھی تک طے نہیں ہوا۔
نیویارک سٹی کے میئر کا انتخاب اور نیو جرسی و ورجینیا میں ڈیموکریٹ گورنرز کی جیت کو بڑی حد تک ٹرمپ اور ان کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردِ عمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے معاشی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا:”وہ لوگ ’افورڈیبلٹی‘ کی بات کرتے ہیں، اور حقیقت یہ ہے کہ ہمارے دور میں چیزیں کہیں زیادہ سستی ہیں۔ تھینکس گیونگ کے کھانے اور دیگر اخراجات بائیڈن انتظامیہ کے مقابلے میں 25 فیصد کم ہیں۔”
