موت کے منہ سے بچنے والی لڑکی کی اپنی نرس سے جذباتی ملاقات

۔ اپنی 21 ویں سالگرہ پر جب وہ دوبارہ اس وارڈ میں پہنچیں، تو نرس جینین کو دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

Editor News

نیو جرسی: انسان کی زندگی میں بعض اوقات ایسے لمحات آتے ہیں جو الفاظ میں بیان نہیں کیے جا سکتے۔ امریکی ریاست نیو جرسی کی رہائشی میڈیسن کینیڈی نے اپنی 21 ویں سالگرہ پر ایک ایسی خواہش پوری کی جس نے دیکھنے والوں کی آنکھوں میں آنسو لا دیے۔ میڈیسن نے 21 سال بعد اس نرس سے ملاقات کی جس نے ان کی پیدائش کے وقت زندگی اور موت کی جنگ میں ان کا ساتھ دیا تھا۔

میڈیسن کینیڈی کی پیدائش کے وقت حالت انتہائی تشویشناک تھی اور انہیں ‘ہیکنسیک میریڈین ہیلتھ جرسی شور یونیورسٹی میڈیکل سینٹر’ کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (NICU) میں رکھا گیا تھا۔ وہاں جینین بگل نامی نرس نے کئی ہفتوں تک میڈیسن کی دیکھ بھال کی تھی۔

میڈیسن کی والدہ، کرسٹین کینیڈی، جو خود اسی ہسپتال کے کینسر سینٹر میں کام کرتی ہیں، کہتی ہیں: “میرا پختہ یقین ہے کہ نرس جینین کی بے لوث دیکھ بھال کی بدولت ہی میری بیٹی آج زندہ ہے۔ وہ صرف ایک نرس نہیں بلکہ ایک فرشتہ ثابت ہوئیں۔”
\
میڈیسن، جو بچپن میں پھیپھڑوں کی بیماری اور شدید دمہ کا شکار رہی ہیں، اب مکمل صحت مند ہیں۔ اپنی 21 ویں سالگرہ پر جب وہ دوبارہ اس وارڈ میں پہنچیں، تو نرس جینین کو دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

میڈیسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“یہ ناقابلِ یقین تھا۔ میں بچپن میں شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں بول سکتی تھی، لیکن آج میں یہاں کھڑی ہوں، میں بول سکتی ہوں اور میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی تھی۔”

نرس جینین بگل گزشتہ تین دہائیوں سے اسی ہسپتال کے این آئی سی یو (NICU) وارڈ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ میڈیسن سے ملاقات پر وہ حیران رہ گئیں اور کہا: “اسے 21 سال کی عمر میں ایک خوبصورت لڑکی کے روپ میں دیکھ کر میرے پاس الفاظ ختم ہو گئے ہیں۔ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے مجھے ڈھونڈا اور یہاں ملنے آئیں۔”

میڈیسن کینیڈی اب جانوروں کی دیکھ بھال کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چونکہ کسی نے ان کی جان بچانے کے لیے اپنی زندگی وقف کی، اب وہ بھی دیگر جانداروں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *