ٹیکساس: ٹیکساس سٹی میں ایک بند پاور پلانٹ میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فضا میں دھوئیں کا گھنا بادل اٹھتا دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کے لیے کئی گھنٹے تک کام کیا۔
کیمہ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ ہائی وے 146 کے 5500 بلاک میں واقع PHR Peakers نامی ڈی کمیشنڈ پاور پلانٹ میں لگی۔ گیلویسٹن کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق آگ اتوار کی صبح تقریباً 2:30 بجے رپورٹ ہوئی۔
جاری کردہ تصاویر میں دیکھا گیا کہ عمارت سے دھواں اٹھتا رہا جبکہ متعدد فائر ٹرک شعلوں کو بجھانے میں مصروف تھے۔ پرلینڈ پروفیشنل فائر فائٹرز لوکل 4964 کے مطابق پرلینڈ، بیکلِف اور گیلویسٹن کاؤنٹی کے دیگر قریبی محکموں نے مل کر آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔ شیرف آفس نے بتایا کہ سان لیون وولنٹیئر فائر ڈیپارٹمنٹ نے آپریشن کی قیادت کی۔
متاثرہ علاقے میں موبائل فونز پر پبلک سیفٹی الرٹ بھیجا گیا، جس میں رہائشیوں کو دھوئیں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔ٹیکساس سٹی فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ایئر مانیٹرنگ کے مطابق ہوا کا معیار محفوظ ہے۔
حکام کے مطابق عملہ صبح بھر اس واقعے کو مکمل طور پر قابو میں لانے کے لیے کام کرتا رہے گا۔
