ویب ڈیسک
واشنگٹن : امریکی حکومت 44 دنوں تک شٹ ڈاؤن کےباوجودفیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے گزشتہ ماہ فیفا ورلڈ کپ کےلئے 625 ملین ڈالر کاگرانٹ جاری کردیا
یہ گرانٹ 11 امریکی میزبان شہروں میں سیکیورٹی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے دی جا رہی ہے، جن میں نیویارک/نیوجرسی، ڈلاس، کینساس سٹی، ہیوسٹن، اٹلانٹا، لاس اینجلس، سیئٹل، سان فرانسسکو، فلاڈیلفیا، میامی اور بوسٹن شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دیگر پانچ مقامات میکسیکو اور کینیڈا میں واقع ہوں گے، جہاں میچز 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک ہوں گے۔
فیما کے مطابق یہ گرانٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے “ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ” کے تحت قائم کی گئی ہے۔ اس کا مقصد میزبان شہروں کو سیکیورٹی ٹریننگ، عملے کی پس منظر جانچ (بیک گراؤنڈ چیکس)، سائبر سیکیورٹی میں بہتری، جدید آلات کی فراہمی، اور فیفا کے مقامات، ہوٹلوں اور ٹرانسپورٹ ہبس پر پولیس اور ایمرجنسی ریسپانس کو بڑھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
فیما کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا:”صدر ٹرمپ کے لیے امریکی عوام کی حفاظت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ ہو گا، اس لیے اسے سب سے محفوظ بھی ہونا چاہیے۔”ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) پہلے ہی میزبان شہروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ کھلاڑیوں، عملے اور شائقین کو دہشت گردی سمیت تمام خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا:”وفاقی فنڈنگ کے ذریعے ریاستی اور مقامی اداروں کی مدد کر کے ہم یقینی بنا رہے ہیں کہ عوام کا پیسہ ایسے منصوبوں پر خرچ ہو جو حقیقی سلامتی اور تحفظ فراہم کریں۔”
