لاہور(ویب ڈیسک): آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یا عدم شرکت سے متعلق فیصلہ آج متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کے درمیان یہ ملاقات شام 6 بجے متوقع ہے، جس کے بعد ورلڈ کپ سے متعلق باضابطہ اعلان کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج ہی کیے جانے کا امکان ہے اور یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا تو قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا، تاہم اگر پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتا تو کٹ کی رونمائی نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پلان بی بھی تیار کر رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو لاہور میں چار ٹیموں پر مشتمل ایک ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم اور شاہینز انڈر 18 ٹیم کے کھلاڑیوں کو ملا کر چار ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
