جیٹ بلیوطیارےکی ٹیمپامیں ہنگامی لینڈنگ، کئی افراد زخمی

ایئرلائن کے مطابق، طیارہ اچانک اونچائی کھو بیٹھا، اور لینڈنگ کے بعد طبی عملے نے مسافروں اور عملے کے ارکان کا معائنہ کیا۔۔

Editor News

واشنگٹن(ویب ڈیسک، 30 اکتوبر) جیٹ بلیو ایئرویز کی ایک پرواز جمعرات کو میکسیکو کے شہر کینکون سے نیو جرسی جاتے ہوئے پرواز کے نظام میں خرابی اور اچانک اونچائی میں کمی کے باعث ٹیمپا، فلوریڈا میں ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوگئی

جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ یہ بات امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور ایئرلائن کے ترجمان نے بتائی۔

جیٹ بلیو کی فلائٹ 1230 نیو جرسی کے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جا رہی تھی، لیکن دوپہر 2:19 بجے (1819 GMT) ٹیمپا میں ہنگامی طور پر اُتر گئی۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ایئرلائن کے مطابق، طیارہ اچانک اونچائی کھو بیٹھا، اور لینڈنگ کے بعد طبی عملے نے مسافروں اور عملے کے ارکان کا معائنہ کیا۔ جنہیں مزید علاج کی ضرورت تھی، انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹیمپا فائر ریسکیو نے بتایا کہ تقریباً 15 سے 20 افراد کو معمولی زخموں کے ساتھ اسپتال لے جایا گیا۔ جیٹ بلیو نے زخمیوں کی حتمی تعداد نہیں بتائی۔

ایئرلائن کے مطابق، طیارے کو سروس سے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ اس کا مکمل معائنہ کیا جا سکے، اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ جیٹ بلیوکے ترجمان نے کہا،
“ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم اس واقعے سے متاثرہ افراد کی مکمل مدد کریں گے۔”

رپورٹ کے مطابق اس سال کئی فضائی حادثات ایسے پیش آئے ہیں جن میں تیز جھٹکوں یا اچانک اونچائی میں کمی کے باعث مسافر زخمی ہوئے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ جولائی میں پیش آنے والے ڈیلٹا ایئر لائنز کے ایک واقعے کی بھی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سالٹ لیک سٹی سے ایمسٹرڈیم جانے والی پرواز شدید فضائی جھٹکوں کا شکار ہوئی تھی اور 25 افراد زخمی ہوئے تھے۔ طیارے کو اُس وقت منی ایپلس کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *