لاس اینجلس / غزہ: ہالی ووڈ کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی سرگرم کارکن انجلینا جولی (Angelina Jolie) نے غزہ میں ہونے والی خوفناک تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر گوگل ارتھ کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کر دی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی جنگ سے پہلے اور بعد کی تصاویر میں رفح، خان یونس اور غزہ سٹی کے گنجان آباد علاقوں کی مکمل تباہی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں کی عمارتیں اب ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی ہیں۔
انجلینا جولی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ “اب گوگل ارتھ پر ہر کوئی دیکھ سکتا ہے کہ غزہ کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ پورے کے پورے محلے ملبے کے ڈھیر بن چکے ہیں، گھر، اسکول، جامعات، اسپتال اور بنیادی انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ یا شدید متاثر ہو چکا ہے۔”
اداکارہ نے اقوامِ متحدہ (UN) کے ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال جون تک غزہ کی تقریباً 82 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہو چکی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “اگرچہ سیٹلائٹ تصاویر عمارتوں کا نقصان تو دکھا سکتی ہیں، لیکن یہ ان متاثرہ خاندانوں، بچوں اور زندہ بچ جانے والے انسانوں کی ناقابلِ بیان تکلیف کا احاطہ نہیں کر سکتیں۔”
واضح رہے کہ انجلینا جولی طویل عرصے سے دنیا بھر کے پناہ گزینوں اور تنازعات کا شکار لوگوں کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہیں اور انہوں نے ماضی میں بھی فلسطین اور غزہ میں فوری برابری و انسانی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔





