لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

وزیر اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے 81 ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت، 25 ستمبر کو خطاب کریں گے

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: وزیر اعظم شہباز شریف 21 سے 25 ستمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ وہ 25 ستمبر کو جنرل ڈیبیٹ سے خطاب کریں گے جس کا عنوان ”اعتماد کی بحالی، تبدیلی کا انتظام: ایک اقوام متحدہ جو سب کے لیے کام کرے“ مقرر کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے صحافیوں کو بیک گراؤنڈ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 81 ویں جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس 22 ستمبر سے 26 ستمبر اور 28 ستمبر کو منعقد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی سلامتی پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور تنازعات کے پرامن حل، مکالمے اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیں گے۔

وزیر اعظم اپنے خطاب میں پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs)، موسمیاتی تبدیلی، انسدادِ دہشت گردی، اسلاموفوبیا، عالمی معاشی بحران اور اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں اصلاحات جیسے اہم امور پر پاکستان کی ترجیحات اجاگر کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین پر طویل غیر ملکی قبضے اور حقِ خودارادیت سے متعلق عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جائے گی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے حل کا مطالبہ کیا جائے گا۔

دورے کے دوران وزیر اعظم عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق 22 ستمبر کو وزیر اعظم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے جانے والے عصرانے میں بھی شرکت کریں گے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بھی متعدد کثیرالجہتی ملاقاتیں طے ہیں، اور وہ 23 ستمبر کو سلامتی کونسل کے مصنوعی ذہانت (AI) اور عالمی سلامتی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان اس اعلیٰ سطحی ہفتے کو عالمی امن و استحکام، کثیرالجہتی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کرے گا۔