لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

غیرقانونی کاروباراورجائیدادوں کی خریداریاں: تھائی لینڈکابڑاکریک ڈاؤن،ویزا فری قیام60 سے گھٹاکر30 دن کردیاگیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

بینکاک: تھائی لینڈ کی حکومت نے ملک میں غیر ملکیوں کی جانب سے کی جانے والی غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں اور تھائی شہریوں کو فرنٹ (نامزد یا نامیاتی) بنا کر جائیدادیں خریدنے کے خلاف ایک وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ غیر ملکیوں کی طرف سے بڑھتے ہوئے جرائم اور قوانین کی خلاف ورزیوں کے بعد حکومت نے ویزا فری داخلے کے تحت قیام کی اجازت کی مدت کو 60 دن سے نصف کر کے 30 دن کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چرنویراکول (Anutin Charnvirakul) نے متعلقہ سرکاری محکموں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور سخت ترین قانونی کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ تھائی لینڈ نے سیاحت اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے غیر ملکیوں کو اندرونِ ملک آمد پر سہولیات اور فراخدلانہ مراعات دی ہیں، اس لیے آنے والوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ملکی قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کی جانب سے نامزد نمائندوں کے ذریعے غیر قانونی کاروبار چلانا اور جائیدادوں کی خریداریاں اب قابلِ قبول حد سے تجاوز کر چکی ہیں اور تھائی لینڈ کا استحصال کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ویزا فری سہولت کا غلط استعمال روکنے اور انٹری پروٹوکولز کو بہتر بنانے کے لیے قیام کا دورانیہ 60 دن سے فوری طور پر کم کر کے 30 دن کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں نے نامزد (Nominee) کمپنیوں اور رئیل اسٹیٹ کی ایسی خریداریاں جن میں ملکی قوانین کو نظر انداز کیا گیا، ان کا ڈیٹا اکٹھا کر کے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔