ڈیٹرائٹ (مشی گن): شکاگو میں متعین پاکستانی قونصل جنرل زمان مہدی نے مشی گن کا ایک روزہ مصروف دورہ کیا، جس کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو ان کی دہلیز پر قونصلر خدمات کی فراہمی، ثقافتی روابط کا فروغ اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔
امریکن پاکستانی کمیونٹی الائنس (APCA) کے تعاون سے ڈیٹرائٹ میں ایک خصوصی قونصلر کیمپ لگایا گیا، جہاں قونصلر عملے نے ہم وطنوں کی دستاویزات کی تصدیق، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ (NICOP) سے متعلقہ امور پر رہنمائی فراہم کی۔ کئی سالوں کے تعطل کے بعد لگائے گئے اس کیمپ کا مقصد دور دراز علاقوں میں مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔
قونصل جنرل زمان مہدی نے بلوم فیلڈ ہلز میں پاکستانی نژاد پیشہ ور افراد سے ملاقات کی اور نوجوان نسل کو پاکستان سے جوڑنے اور پاک امریکہ اقتصادی روابط کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے “پاکستان ویمن ایسوسی ایشن آف مشی گن” کے زیرِ اہتمام ایک ادبی تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے اردو ادب اور پاکستانی ثقافت کو پردیس میں زندہ رکھنے پر تارکینِ وطن کی خدمات کو سراہا۔





