نیویارک / کراچی (ویب ڈیسک): اتوار 1 نومبر کو منعقد ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی نیویارک سٹی میراتھن 2026 (New York City Marathon) میں دنیا بھر سے آئے 29 پاکستانی اور پاکستانی نژاد اینتھلیٹس نے کامیابی کے ساتھ 42.195 کلومیٹر طویل ریس مکمل کر کے عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر دیا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے امین ندیم مقاطی (Amin Nadeem Mukaty) نے 2 گھنٹے 53 منٹ اور 42 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ پاکستانی گروپ میں تیز ترین پوزیشن حاصل کی، اور وہ اس سال 3 گھنٹے سے کم وقت میں میراتھن مکمل کرنے والے واحد پاکستانی رنر بنے۔

کراچی ہی کے صادق شاہ (3:01:37) اور محمد جنید (3:53:07) نے عالمی سطح پر معتبر ترین ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز (Abbott World Marathon Majors) الٹیمیٹ ‘سکس اسٹار’ میڈل حاصل کر لیا۔ یہ میڈل ٹوکیو، بوسٹن، لندن، برلن، شکاگو اور نیویارک کی تمام 6 بڑی میراتھن کامیابی سے مکمل کرنے پر دیا جاتا ہے۔
ریس کی تفصیلات کے مطابق، امین مقاطی نے پہلا نصف (Half Marathon) 1:25:25 میں جبکہ دوسرا نصف 1:28:17 میں مکمل کر کے زبردست تسلسل اور رفتار کا مظاہرہ کیا۔

ملتان سے فہد مختار نے 3:16:23 میں میراتھن مکمل کی، سنسناٹی سے جمال شاہ نے 3:23:25، بروک لین سے بشریٰ انجم نے 3:35:05، جبکہ ڈاکٹر صفدر علی شیخ نے 3:52:53 کا وقت ریکارڈ کیا۔ نیویارک سے جہان خان (3:53:34)، عامر بٹ (4:00:45)، عفنان احمد (4:01:32)، اور دانش رضا (4:01:34) نے بھی میراتھن کامیابی سے مکمل کی۔
پاکستانی گروپ میں کراچی، ملتان، اور اسلام آباد کے مقامی ایٹلیٹس سمیت امریکہ، برطانیہ، اور ناروے میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں (Overseas Pakistanis) نے شرکت کی۔ ان میں ڈاکٹرز، تجربہ کار ایٹلیٹس، اور پہلی بار حصہ لینے والے رنرز شامل تھے۔





