کیلیفورنیا / نیویارک: سوشل میڈیا کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور ‘میٹا’ (Meta) کے سی ای او مارک زوکربرگ نے اعتراف کیا ہے کہ کمپنی کی افرادی قوت (Workforce) کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے عمل میں ان سے غلطیاں ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق، یہ انکشاف ملازمین کو بھیجے گئے ایک اندرونی میمو (Internal Memo) سے ہوا ہے جو میڈیا کے ہاتھ لگ گیا ہے۔
مارک زوکربرگ رواں سال اپنی کمپنی کے اندرونی نظام کو جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی کے سانچے میں ڈھالنے کے لیے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ یہ رجحان اس سال دیگر امریکی اور بالخصوص ٹیک کمپنیوں میں بھی تیزی سے دیکھا جا رہا ہے۔ زوکربرگ نے میمو میں اے آئی کی تیز رفتار ترقی اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔
مارک زکربرگ نے میمو میں کھل کر لکھا:”ان تبدیلیوں کی پیچیدگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے، ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں اور یہ تقریباً طے ہے کہ مستقبل میں بھی مزید غلطیاں ہوں گی۔”
تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ تنظیمی تبدیلیوں کے دوران ملازمین کو زیادہ سے زیادہ استحکام فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں کوئی بڑا یا حد سے بڑھ کر وعدہ نہیں کرنا چاہتا کیونکہ دنیا ایسے طریقوں سے بدل رہی ہے جو ہمارے کنٹرول سے باہر ہیں۔” زوکربرگ نے دہرایا کہ میٹا کو اس سال کمپنی بھر میں مزید بڑے پیمانے پر برطرفیوں (Layoffs) کی توقع نہیں ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے ایک بڑا ری اسٹرکچرنگ آپریشن کیا تھا، جس کے تحت عالمی سطح پر 10 فیصد افرادی قوت کو فارغ کر دیا گیا تھا اور 7,000 ملازمین کو اے آئی ورک فلو سے متعلق نئے پروجیکٹس پر منتقل کیا گیا تھا۔ زوکربرگ کے مطابق، کمپنی اب ان ملازمین کو نئے کردار دینے کی کوشش کرے گی جنہیں اے آئی ماڈلز کی ٹریننگ کے لیے دوبارہ نامزد کیا گیا ہے۔
میمو میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملازمین نے مینیجرز کی نگرانی کی حد بڑھنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کا زوکربرگ نے نوٹس لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، میٹا کے نئے ‘ایپلائیڈ اے آئی انجینئرنگ’ یونٹ کا ڈھانچہ اتنا فلیٹ تھا کہ وہاں ایک مینیجر کے تحت 50 ملازمین کام کر رہے تھے، جسے اب کم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹیم ورک کو فروغ دینے کے لیے میٹا جولائی میں ایک بڑے پیمانے پر ‘ہیکاتھون’ (Hackathon) کا انعقاد بھی کرنے جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ اپریل میں میٹا نے اپنے سالانہ سرمائے کے اخراجات کا تخمینہ بڑھا کر 125 ارب سے 145 ارب ڈالر کے درمیان کر دیا تھا۔
