واشنگٹن:امریکی وفاقی حکام نے سڑکوں پر حفاظت اور تربیت کا معیار برقرار رکھنے کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کو تربیت فراہم کرنے والے 270 ڈرائیونگ اسکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ادارے وفاقی سطح پر طے شدہ تعلیمی و عملی معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہے تھے۔
110 ڈرائیونگ اسکولوں میں ڈرائیوروں کے لیے انگریزی زبان کے لازمی قوانین کی تقریباً 5 ہزار خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ وفاقی تقاضوں کے مطابق کمرشل گاڑی چلانے والے ڈرائیور کے لیے سڑک کے اشاروں، حکومتی احکامات اور ہنگامی صورتحال کو سمجھنے کے لیے انگریزی زبان بولنے اور سمجھنے کی صلاحیت لازمی ہے
باقی 160 اسکولوں کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ ڈرائیوروں کو عملی (Practical) تربیت فراہم کرنے کے لیے درکار جگہ، انفراسٹرکچر اور گاڑیوں کی سہولیات پر پورا نہیں اترتے تھے، اس کے باوجود وہ خود کو اہل قرار دے کر ڈرائیوروں کی رجسٹریشن کر رہے تھے۔
امریکی ٹرانسپورٹ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس سخت کارروائی کا مقصد شاہراہوں پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور غیر معیار پر مبنی ڈرائیونگ اسکولوں کے خلاف کارروائی کر کے ڈرائیونگ لائسنسنگ کے نظام کو شفاف بنانا ہے۔




