اسلام آباد/کراچی (ویب ڈیسک): اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور لاہور، کراچی اور پشاور میں قائم امریکی قونصل خانوں نے ملک بھر میں متوقع بڑے مذہبی جلوسوں کے پیشِ نظر سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق 10 مارچ کو دوپہر 12 بجے سے امریکی سفارتی عملے کی نقل و حرکت محدود کر دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بڑے اجتماعات کے باعث مختلف مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جن میں ٹریفک کی شدید روانی میں خلل اور سڑکوں کی بندش شامل ہیں۔ رش کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے پڑ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کیے جانے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر بعض علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز میں عارضی خلل یا معطلی ہو سکتی ہے۔ حکام نے خبردار کیا کہ پرامن اجتماعات بعض اوقات اچانک پرتشدد صورتحال اختیار کر سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قونصلر سروسز کی صورتحال
امریکی حکام کے مطابق لاہور اور کراچی میں قونصلر سروسز تاحال معطل ہیں، جبکہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ معمول کے مطابق خدمات فراہم کر رہا ہے۔ جن افراد کی اپوائنٹمنٹس پہلے سے طے ہیں، انہیں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
شہریوں کے لیے ہدایات
امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عوامی مقامات اور بڑے اجتماعات سے حتی الامکان دور رہیں۔ اگر کسی مظاہرے یا ہجوم کے قریب پہنچ جائیں تو فوری طور پر وہاں سے نکل جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے ذاتی سیکیورٹی پلان پر نظر رکھیں، غیر ضروری توجہ سے بچنے کے لیے لو پروفائل رہیں، مقامی میڈیا کے ذریعے حالات سے باخبر رہیں اور شناختی دستاویزات اپنے پاس رکھیں۔
حکام نے شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔





