نیویارک (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے عرب، اسلامی (OIC) اور یورپی رکن ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے الحاق اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے بحرین، ڈنمارک، فرانس، یونان، لٹویا، صومالیہ اور برطانیہ کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بشمول مشرقی یروشلم کی آبادیاتی ساخت یا حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بیان میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں بستیوں کی تعمیر فوری طور پر بند کرے جو کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اسرائیلی افواج کے ہاتھوں حال ہی میں فلسطینی بچوں کے قتل اور آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کو “ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شرکاء نے خبردار کیا کہ ایسی پالیسیاں “جامع منصوبے” (Comprehensive Plan) اور خطے میں پائیدار امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
سفیر عاصم افتخار نے زور دیا کہ عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔





