نیویارک : الیکٹرک گاڑیوں کی معروف عالمی کمپنی ٹیسلا (Tesla) نے بچوں کی مصنوعات کی کیٹیگری میں پیش رفت کرتے ہوئے دو سے پانچ برس کی عمر کے بچوں کے لیے ایک جدید ‘بیلنس بائیک’ (Balance Bike) متعارف کرائی ہے۔ اس بائیک کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو مارکیٹ میں دستیاب عام بیلنس بائیکس کے مقابلے میں دُگنی سے بھی زیادہ ہے۔
ٹیسلا کی یہ نئی بائیک بغیر پیڈل، بغیر موٹر اور بغیر بریک کے تیار کی گئی ہے، یعنی چھوٹے بچے اسے اپنے پیروں کی مدد سے ہی چلاتے اور کنٹرول کرتے ہیں۔
بائیک میں ہلکے وزن کا جدید میگنیشیم فریم استعمال کیا گیا ہے جو اسے مضبوط اور لچکدار بناتا ہے۔
بچوں کی راحت اور قد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی نشست (Seat) کو پانچ مختلف سطحوں پر ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
مارکیٹ میں زیادہ تر معیاری بیلنس بائیکس تقریباً 100 ڈالر تک دستیاب ہیں، تاہم ٹیسلا کا برانڈ نیم اور انوکھا ڈیزائن ہونے کی وجہ سے یہ 225 ڈالر کی بائیک فروخت شروع ہوتے ہی منٹوں میں آؤٹ آف اسٹاک (Out of Stock) ہو گئی۔ اسی کے ساتھ ٹیسلا کی جانب سے فروخت کی جانے والی 30 ڈالر کی خصوصی ٹی شرٹ بھی فوری طور پر ختم ہو گئی۔
شدید مانگ کو دیکھتے ہوئے ٹیسلا نے اعلان کیا ہے کہ بائیک کی نئی کھیپ کے لیے 31 جولائی سے دوبارہ پری آرڈرز کا آغاز کیا جائے گا۔ کمپنی نے محدود دستیابی کے باعث خریداروں کو جلد آرڈر دینے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ٹیسلا بچوں کے لیے سائبر کواڈ (Cyberquad) ATV متعارف کرا چکا ہے، تاہم اس کی فروخت کو حفاظتی معیارات پر پورا نہ اترنے کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔




