کولمبو(ویب ڈیسک): سری لنکا کی حکومت نے ملک میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے اور معاشی بحالی کے لیے پاکستان سمیت 39 ممالک کے شہریوں کے لیے 6 ماہ کے لیے مفت سیاحتی ویزا (Free Tourist Visa) پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ کے ترجمان نالندا جے ٹیسا نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس تجویز کی اصولی منظوری جولائی 2025 میں دی گئی تھی، جس کے بعد اب قانونی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ ضوابط جلد ہی سری لنکا کی پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، جس کے بعد اس کا باقاعدہ اطلاق کر دیا جائے گا۔
اس اسکیم کے تحت پاکستان، بھارت، چین، برطانیہ، امریکہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی، فرانس اور جاپان سمیت 39 اہم ممالک کے پاسپورٹ ہولڈرز بغیر کسی فیس کے سیاحتی ویزا حاصل کر سکیں گے۔
وزارتِ عوامی تحفظ اور پارلیمانی امور کی جانب سے پیش کی گئی اس پالیسی کا مقصد سری لنکا میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر اور سیاحتی صنعت کو سہارا مل سکے۔ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد یہ پروگرام ابتدائی طور پر 6 ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگا۔
