نیویارک: اسپاٹی فائی نے اپنے قیام کے 20 سال مکمل ہونے پر تاریخ میں سب سے زیادہ سنے جانے والے فنکاروں کی پہلی آفیشل لسٹ جاری کر دی ہے۔ اس فہرست کے مطابق، امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ دنیا کی سب سے زیادہ اسٹریم کی جانے والی آرٹسٹ بن گئی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ کے بعد دوسرے نمبر پر پورٹو ریکو کے سپر اسٹار بیڈ بنی (Bad Bunny) ہیں، جبکہ کینیڈین ریپر ڈریک (Drake) نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ دی ویک اینڈ، اریانا گرانڈے اور ایڈ شیرن بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ بیڈ بنی اور ٹیلر سوئفٹ کے درمیان گزشتہ چند برسوں سے نمبر ون پوزیشن کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے، جس میں اس بار ٹیلر سوئفٹ بازی لے گئیں۔
اگرچہ ٹیلر سوئفٹ سب سے زیادہ سنی جانے والی آرٹسٹ ہیں، لیکن ‘آل ٹائم موسٹ اسٹریمڈ البم’ کا اعزاز بیڈ بنی کے البم “Un Verano Sin Ti” کے پاس ہے، جبکہ دی ویک اینڈ کا گانا “Blinding Lights” اسپاٹی فائی کی تاریخ کا سب سے زیادہ سنا جانے والا گانا قرار پایا ہے۔
اپریل 2006 میں سویڈن سے شروع ہونے والی یہ کمپنی اب دنیا کا سب سے بڑا اسٹریمنگ پلیٹ فارم بن چکی ہے، جس کے 75 کروڑ سے زائد صارفین ہیں۔ میوزک انڈسٹری کی مجموعی آمدنی کا 82 فیصد حصہ اب اسٹریمنگ سے ہی حاصل ہوتا ہے۔





