واشنگٹن: امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی (DHS) نے غیر ملکی طلبہ اور تبادلے کے پروگرام (F-1 اور J-1 ویزا) میں شریک افراد کے لیے ویزا قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جو 15 ستمبر سے نافذ العمل ہوں گی۔
نئی پالیسی کے تحت موجودہ ’قیام کی مدت‘ (Duration of Status) کے نظام کی جگہ ‘مقررہ مدت’ (Fixed Duration) کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی: بین الاقوامی امور کے دفتر نے F-1 اور J-1 ویزا ہولڈرز کو 15 ستمبر سے پہلے امریکا پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی: طلبہ کو 8 ستمبر تک امریکا واپسی کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ پالیسی کے نفاذ سے قبل انتظامی عمل مکمل کیا جا سکے۔
جارج ٹاؤن یونیورسٹی: عالمی خدمات کے دفتر نے طلبہ، محققین اور سابق طلبہ کو خصوصی انتباہی خطوط جاری کیے ہیں۔
جارج واشنگٹن یونیورسٹی: طلبہ کو 15 ستمبر کے بعد اپنے تعلیمی ریکارڈ اور نئی مقررہ مدت کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شکاگو یونیورسٹی: بین الاقوامی دفتر نے 30 روزہ رعایتی مدت، پروگرام کی تبدیلی اور نقل و حرکت پر پابندیوں کی وضاحت کے لیے ہنگامی معلوماتی نشستیں منعقد کی ہیں۔
پہلےقوانین کےمطابق طلبہ اپنی تعلیمی حیثیت برقرار رکھنے تک امریکا میں قیام کر سکتے تھے، تاہم اب داخلے کی دستاویز پر قیام کی آخری تاریخ درج کی جائے گی اور ابتدائی طور پر زیادہ سے زیادہ 4 سال کی مدت دی جائے گی۔
4 سال سے زائد عرصے پر محیط ڈاکٹریٹ (PhD)، طبی (Medical) اور پیشہ ورانہ ڈگریوں کے طلبہ اس سے براہ راست متاثر ہوں گے۔ اضافی وقت کی ضرورت پر توسیع کی درخواست دینا ہوگی۔





