لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

شاہدآفریدی کانرمل پرجااوربراڈ پیک سانحےکے متاثرین کوخراجِ عقیدت

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

کراچی (ویب ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور قومی ہیرو شاہد خان آفریدی نے قراقرم سلسلے کی 12ویں بلند ترین چوٹی ’براڈ پیک‘ پر پیش آنے والے المناک برفانی تودے کے حادثے میں عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا (نمز دائی) اور ان کے دیگر ساتھیوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک تعزیتی پیغام میں جاں بحق ہونے والے تمام 10 کوہ پیماؤں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے غم زدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سابق کپتان نے اپنے پیغام میں لکھا ”کچھ ہیرو کھیل کے میدانوں یا اسٹیڈیمز میں نہیں کھیلتے، بلکہ وہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں پر جا کر اپنی جرات اور عزم کی نئی مثالیں قائم کرتے ہیں۔ نرمل پرجا نے اپنی غیر معمولی ہمت، نظم و ضبط اور غیر متزلزل عزم سے دنیا کو ثابت دکھایا کہ اگر انسان کے ارادے مضبوط ہوں تو کوئی بھی خواب ناممکن نہیں رہتا۔“

انہوں نے مزید کہا کہ نرمل پرجا کی کامیابیاں صرف کوہ پیمائی کے کھیل تک محدود نہیں تھیں، بلکہ انہوں نے دنیا بھر میں لاکھوں انسانوں کو اپنے خوابوں کے تعاقب کے لیے حوصلہ، امید اور ہمت فراہم کی۔

شاہد آفریدی نے اس المناک حادثے کو کوہ پیمائی اور کھیل کی دنیا کا بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ”نرمل پرجا اور ان کے ساتھیوں کی جرات، بہادری اور قربانی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ آنے والی نسلیں ان کے عزم اور جذبے سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی، کیونکہ ایسے عظیم انسان اپنی زندگی میں ہی نہیں بلکہ دنیا سے جانے کے بعد بھی دوسروں کے لیے مشعلِ راہ بنے رہتے ہیں۔“

اپنے پیغام کے اختتام پر سابق کپتان نے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام کوہ پیماؤں کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا صبر جمیل عطا فرمائے۔