ویٹیکن سٹی : روایتی انجلُس (Angelus) دعا کے دوران سینٹ پیٹرز اسکوائر میں موجود ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے 71 سالہ پوپ لیو چہارم (Pope Leo XIV) نے اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹروں کی تجویز پر وہ اپنے پھیپھڑے سے ایک چھوٹی رسولی (Localized Lung Nodule) نکالنے کے لیے سرجری کروائیں گے۔
پوپ نے اجتماع کو بتایا کہ “معمول کے طبی معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے میرے پھیپھڑے میں ایک محدود نوڈول دریافت کیا ہے۔ یہ بیماری بہت ابتدائی مرحلے میں پکڑی گئی ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے سے میں نے اس کے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا ہے”۔ ویٹیکن کے ترجمان کے مطابق یہ سرجری اگلے ہفتے کے شروع میں متوقع ہے جس کے بعد پوپ کو ایک ہفتہ اسپتال میں آرام کرنا ہوگا۔
پوپ لیو چہارم کو پاپائی منصب کے اعتبار سے نسبتاً کم عمر اور صحت مند سمجھا جاتا ہے۔ وہ باقاعدگی سے ٹینس کھیلتے ہیں اور جسمانی طور پر انتہائی فعال ہیں۔
پوپ کا یہ آپریشن ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب وہ رواں سال 6 سے 17 نومبر کے دوران یوراگوئے، ارجنٹائن اور پیرو پر مشتمل ایک بڑے لاطینی امریکی دورے کی تیاری کر رہے ہیں۔
پوپ کا روزانہ کا دفتری اور عوامی ملاقاتوں کا شیڈول کافی مصروف ہوتا ہے، تاہم وہ منگل کے روز کاستیل گاندولفو (Castel Gandolfo) کے پاپائی اعتکاف گاہ میں آرام کے لیے ایک دن چھٹی کرتے ہیں۔





