لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

اسلام آباد:پمزاسپتال کی نرسری میں خوفناک آگ، 14 نومولودبچےجاں بحق؛وزیراعظم نے5 رکنی کمیٹی تشکیل دےدی

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز (PIMS) کے زچہ و بچہ (MCH) وارڈ کی نرسری میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ صرف ایک بچے کو بحفاظت نکالا جا سکا۔ واقعے کے بعد اسپتال میں قیامت خیز مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں جاں بحق بچوں کی میتیں ڈی این اے (DNA) کے مرحلے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق آگ صبح 6:38 بجے ممکنہ طور پر ایئرکنڈیشنر (AC) کے کمپریسر میں چنگاری کے باعث لگی، جس کے بعد 6:39 بجے زوردار دھماکا ہوا اور نرسری کی چھت کا ایک حصہ نیچے آ گرا۔ انکیوبیٹرز کے قریب موجود آکسیجن پوائنٹس کی وجہ سے آگ نے ایک منٹ کے اندر پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا۔

واقعے کے وقت نرسری میں کل 16 بچے موجود تھے، جن میں سے 14 جاں بحق، 1 محفوظ جبکہ ملحقہ کمرے سے 4 بچوں اور 3 ماؤں کو بچایا گیا۔

فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 35 فائر ایکسٹنگوئشرز کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر سابق وفاقی سیکرٹری شاہد خان کی سربراہی میں 5 رکنی اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے کام شروع کر دیا ہے۔ کمیٹی 48 گھنٹوں میں ابتدائی رپورٹ جبکہ بعد میں حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی جس میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔