واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے حساس ٹیکنالوجی اور دفاعی تحقیق کی غیر مجاز منتقلی کو روکنے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایران، روس اور چین کے 130 تحقیقی اور تعلیمی اداروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون نے ان اداروں کی ایک باضابطہ فہرست جاری کی ہے جن کے بارے میں امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ حساس امریکی ٹیکنالوجی کے نامناسب تبادلے یا چوری کے خطرات کا سبب بن رہے تھے۔
پینٹاگون کے مطابق اس فہرست میں شامل تمام اداروں کو امریکی قوانین کے تحت دفاعی تحقیق، فنڈنگ اور حساس ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے سخت نگرانی اور مخصوص پابندیوں کے دائرے میں رکھا گیا ہے۔
امریکی دفاعی حکام نے اس اقدام کا بنیادی مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ
“اس اقدام کا مقصد امریکی دفاعی ٹیکنالوجی اور حساس سائنسی تحقیق کو کسی بھی غیر مجاز، غیر مطلوبہ یا مخالف ممالک کے ہاتھوں میں جانے سے روکنا اور ملکی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔”
واضح رہے کہ اس پابندی کے بعد امریکی یونیورسٹیوں، تحقیقی مراکز اور دفاعی ٹھیکیداروں (Defense Contractors) کو ان 130 اداروں کے ساتھ کسی بھی قسم کے فنڈنگ معاہدے، مشترکہ تحقیق یا ٹیکنالوجی کے تبادلے سے روک دیا گیا ہے۔





