نیویارک (ویب ڈیسک): امریکا میں خاندان کی کفالت کی خاطر دن رات محنت کرنے والا 21 سالہ پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نیویارک میں ہولناک واردات کا شکار ہو گیا۔
بروکلین میں ایک مسافر نے گاڑی چھیننے کی کوشش کے دوران ڈرائیور کو گردن میں گولی مار دی، جس کے نتیجے میں نوجوان جزوی طور پر مفلوج ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 11 جولائی کی صبح تقریباً 4:15 بجے اس وقت پیش آیا جب 21 سالہ دانش سرور نے پراسپیکٹ لیفرٹس گارڈنز میں پارک سائیڈ ایونیو اور بیڈفورڈ ایونیو کے قریب سے ایک مسافر کو اپنی نئی ٹویوٹا RAV4 ایس یو وی میں بٹھایا۔
دانش کے 30 سالہ بھائی حمزہ سرور نے بتایا کہ ملزم نے ایک کار سروس کے ذریعے گاڑی بک کی تھی۔ گاڑی میں بیٹھتے ہی ملزم نے پستول نکال کر دانش سے نقدی اور قیمتی سامان چھیننے کی کوشش کی۔ دانش کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزم نے سیدھی ان کی گردن میں گولی مار دی۔
گولی لگنے کے بعد دانش سرور کو فوری طور پر کنگز کاؤنٹی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ہنگامی سرجری کی گئی۔ وہ ایک ہفتے سے زائد عرصے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بدھ کے روز ہوش میں آئے۔
حمزہ سرور کے مطابق”اللہ نے میرے بھائی کو دوسری زندگی دی ہے، لیکن گولی لگنے سے ان کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنا بایاں بازو اور ہاتھ کی انگلیاں حرکت دینے سے قاصر ہیں اور جزوی طور پر مفلوج ہو چکے ہیں۔ وہ فی الحال کھا بھی نہیں سکتے اور انہیں دل کی تکلیف کا بھی سامنا ہے۔ ڈاکٹروں نے بولنے میں مدد کے لیے ان کے گلے میں ایک خصوصی مائیکروفون لگایا ہے۔”
خاندانی ذرائع کے مطابق دانش تین سال قبل امریکا آیا تھا اور وہ ہفتے کے ساتوں دن کام کرتا تھا۔ دونوں بھائی مل کر پاکستان میں موجود اپنے والدین اور دو بہنوں کی کفالت کرتے ہیں۔ مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابھی تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔





