نیویارک : امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف اور ممتاز شخصیات کی ایک خوبصورت تقریبِ سیم و زر میں کباب جی ریسٹورنٹ کے روحِ رواں فیصل اعجاز سید اور بتول فیروز کی صاحبزادی منال فیصل، ‘ہم ٹی وی’ امریکہ و یورپ کے سربراہ علی اعوان اور فریال دوتانی کے صاحبزادے نبھان اعوان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔

شادی کی کثیر روزہ پرشکوہ تقریبات نیویارک کے بہترین اور نامور بنکوئیٹ ہالز میں منعقد کی گئیں۔ جشن کا آغاز ایک روح پرور قوالی نائیٹ سے ہوا، جس میں نامور قوال آصف علی سنتو اور ان کے ہمنواؤں نے اپنے فن کا جادو جگا کر شام کو سحر انگیز اور یادگار بنا دیا۔

قوالی نائیٹ کے بعد مہندی، بارات اور ولیمے کی پروقار تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔ ان تمام تقریبات میں ہم ٹی وی کے سربراہ دورید قریشی اور مومنہ دورید نے اپنی فیملی کے ہمراہ بالخصوص شرکت کی۔

اس کے علاوہ کمیونٹی کی اہم شخصیات، قریبی رشتہ داروں اور دوست احباب نے بڑی تعداد میں شریک ہو کر نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد پیش کی۔



مہمانوں کے لیے پرشکوہ ہالز کی آرائش، لاجواب اور پرتکلف کھانوں کا اہتمام کیا گیا تھا، جبکہ میزبانوں کی روایتی گرمجوشی اور شاندار مہمان نوازی نے تمام شرکاء کے دل جیت لیے۔

فیصل اعجاز، بتول اعجاز، علی اعوان اور فریال دوتانی نے تقریب میں شرکت کرنے اور بچوں کو دعاؤں سے نوازنے پر تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔






