واشنگٹن ڈی سی: امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کی میزبانی میں پاکستانی سفارت خانے میں “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی، سکالرز، طلبہ، تاجر برادری اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے وطنِ عزیز سے اپنی گہری محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران صدر اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیرِ دفاع نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے ملکی دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ مقررین نے مئی 2025 کے تنازع کے دوران افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور سول و عسکری قیادت کے بروقت فیصلوں کو سراہا۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق ہماری قومی تاریخ کا ایک ایسا باب ہے جس نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔ سفیر پاکستان نے زور دیا کہ دفاعی مضبوطی کے ساتھ ساتھ اب معاشی خودمختاری کا حصول ہمارا اگلا ہدف ہے، جس کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کا کردار انتہائی کلیدی ہے۔
تقریب کے اختتام پر دستاویزی فلم دکھائی گئی اور ملی نغموں کے ذریعے شرکاء کے لہو کو گرمایا گیا، جبکہ “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے ہال گونج اٹھا۔
